۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللھیان

حوزه/ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ امیر حسین عبداللہیان نے بیروت میں لبنانی اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے شام کا دورہ مکمل کرنے کے بعد، جہاں انہوں نے شام کے صدر، وزیراعظم اور اپنے ہم منصب سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جمعرات کو لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے اور بیروت ائیرپورٹ پر لبنانی وزارت خارجہ کے عہدے داروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

رپورٹ کے مطابق، ان ملاقاتوں کو انتہائی مفید اور مؤثر قرار دیا گیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے دورۂ بیروت کے موقع پر، حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ سے ملاقات اور لبنان اور خطے کے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ اور حزب اللہ لبنان کے سربراہ کی ملاقات کی تفصیلات ابھی سامنے نہيں آئیں ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس کے علاوہ فلسطین کی حماس اور جہاد اسلامی کے سربراہان سے بھی ملاقات اور بات چیت کی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطینیوں، مزاحمتی محاذ اور فلسطینی کاز کی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا۔

ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے ملاقات میں، غرب اردن کے مغربی کنارے کی حمایت پر مبنی رہبر انقلاب اسلامی کی واضح ہدایات کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ غاصب صہیونیوں کی جارحیت کے مقابلے میں مزاحمتی محاذ کی حمایت، تہران کی ایسی پالیسی ہے جو کبھی بھی تبدیل نہیں ہوگی۔ اس موقع پر فلسطین کی حماس اور جہاد اسلامی کے سربراہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ غرب اردن میں ہونے والی مزاحمتی کارروائیوں کے اس مرحلے میں پسپائی کا سوال تک نہیں اٹھتا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .